مافیاز کے سامنے ادارے بے بس ،ملک کو مزید مسائل :سراج الحق
بنوں، اسلام آباد (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی کشتی بھنور میں بری طرح پھنس چکی ہے موجودہ اور سابق حکمران اس کے ذمہ دار ہیں۔سیاسی،معاشی اور آئینی بحران ہے۔
ملک مشکلات سے نکلنے کی بجائے مزید مسائل کا شکار ہو رہا ہے ۔ڈالر نے پاکستانی روپے کی اور حکومت نے عوام کی بے قدری کی انتہا کر دی اگر ایک زرعی ملک میں لوگ آٹے کو ترس رہے ہوں تو اس کے باقی حالات کا تصور کرناہی خوفناک ہے ۔ملک میں کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی سابق اور موجودہ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ہے ، قرضوں کی معیشت نے ملک کی چولیں ہلا دیں آج پھر پی ڈی ایم کی حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مزید شرائط پر سمجھوتا کرنا چاہتی ہے ،کئی دہائیوں سے جاری کشکول مشن نے ملک کی تباہی اور بدحالی کی مہر لگا دی، جماعت اسلامی اللہ کے فضل سے اس کشکول کو توڑ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے ہمارے پاس وہ وژن اور پروگرام موجود ہے جس سے ہر گھر میں خوشحالی آ سکتی ہے جس پروگرام سے غریب اور امیر دونوں کو فائدہ ہو گا ہر طبقے کی پریشانی میں کمی آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی،جمعیت علما اسلام ف نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے لیکن حکومت ملنے کے بعد انہوں نے بھی مہنگائی میں کمی لانے کی بجائے اضافے کاتاریخی ریکارڈ بنا دیا ہے ۔مافیاز کے سامنے ادارے بے بس ہیں ۔