لاہور :2کمسن بھائیوں کی گھر میں پراسرار موت، لاشیں آٹے کی پیٹی سے برآمد

لاہور :2کمسن بھائیوں کی گھر میں پراسرار موت، لاشیں آٹے کی پیٹی سے برآمد

لاہور (کرائم سیل) لاہور میں ملت پارک کے علاقے سے لاپتا 2 کمسن بھائیوں کی پراسرار موت ، لاشیں گھر میں ہی آٹے کی پیٹی سے مل گئیں۔

پولیس نے ملت پارک  کے علاقے اسلام آباد کالونی کے رہائشی ساجد کے دو کمسن بیٹوں تین سالہ راحیل اور پانچ سالہ ارتضیٰ کے تین روز قبل لاپتا ہونے پر اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ملت پارک کے رہائشی ساجد کے دو کمسن بیٹے تین سالہ راحیل اور پانچ سالہ ارتضیٰ جمعہ کو اچانک لاپتا ہوگئے جس پر اس نے متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی جس کے متن کے مطابق بچے گھر سے باہر کھیل رہے تھے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا۔تاہم بچوں کے والد نے گزشتہ روز صبح گھر سے بدبو آنے پر پیٹی کو چیک کیا تو اس میں دونوں بچوں کی لاشیں موجود تھیں۔ ساجد نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ بچے کھیلتے ہوئے آٹے کی پیٹی میں گھس گئے اورڈھکن بند ہونے کی وجہ سے باہر نہ نکل سکے ، والدین کی جانب سے بچوں کی موت کو حادثہ قرار دیا جارہا تاہم پولیس قتل سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے ، اہل علاقہ کے مطابق جس دن بچے لاپتا ہوئے تو سی سی ٹی وی فوٹیج میں گھر کی طرف جاتے دیکھے گئے ، اس دن دونوں گھر سے باہر نہیں آئے ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اورمکمل تحقیقات کا حکم دیدیا۔پولیس کے مطابق مکان کے ایک پورشن میں متوفی بچوں کے چچا کی فیملی بھی مقیم ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں