بجٹ معاشی بیماریاں ٹھیک کرنے کا آغاز،خوشحالی کا واحد راستہ میثاق معیشت:شہباز شریف

بجٹ  معاشی  بیماریاں  ٹھیک  کرنے  کا  آغاز،خوشحالی  کا  واحد  راستہ  میثاق معیشت:شہباز  شریف

لاہور،اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،سیاسی رپورٹر، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا وفاقی حکومت کا بجٹ معیشت کی بیماریاں ٹھیک کرنے کا آغاز ہے۔

 

جبکہ میثاق معیشت عوامی خوشحالی کیلئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اوربحالی ، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیو سٹرٹیجک تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسلسل چیلنجز کے پیش نظر آئندہ مالی سال کا بجٹ بنانا خاص طور پر ایک مشکل کام تھا،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کے نہ ختم ہونے والے سلسلے نے معیشت کو نقصان پہنچایا اور غیر یقینی صورتحال پیدا کی جیسا کہ ملک ایک سال سے زیادہ عرصہ تک مشکلات کا شکار رہا، بجٹ معیشت کی طویل المدتی بیماریوں کے ٹھیک کرنے کے عمل کی شروعات کی نمائندگی کرتا ہے ، مخلوط حکومت نے ان شعبوں کو ترجیح دی ہے جو اقتصادی ترقی کو تیز کرنے ، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معیشت کو خودکفیل بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،مہنگائی کے اثرات کومدنظر میں رکھتے ہوئے حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنروں کو تنخواہوں میں بالترتیب30 ، 35 اور 17.5 فیصد تک اضافہ کی صورت میں ریلیف فراہم کیا ہے ، کم سے کم اجرت بڑھا کر 32 ہزار روپے کردی ہے ، ایک زیادہ متوازن بجٹ جس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے ، موجودہ مشکلات حالات میں ممکن نہیں تھا ، میں ان تمام افراد کی تعریف کرتا ہوں جو بجٹ سازی کا حصہ رہے اور اس میں اپنا کردار ادا کیا، معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جو ایک مستحکم سیاسی ماحول میں ہی کی جاسکتی ہیں کیونکہ معاشی ترقی کا تعلق سیاسی استحکام سے ہے ، یہیں سے میثاق معیشت ہماری سیاسی جماعتوں کیلئے اپنے عوام کی خوشحالی کے آگے بڑھنے کا واحد راستہ دکھائی دیتی ہے ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کا قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا،دونوں رہنمائوں نے توانائی، زراعت، آئی ٹی،ٹیکسٹائل اور بجلی کے شعبو ں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا، وزیراعظم نے کہا پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،سیاحت کے فروغ اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن جلد شروع ہو جائے گا، قازقستان کے صدر نے پاکستان کو خطے کا اہم ملک قرار دیتے ہوئے دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ملاقات کی اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔ لاہور میں سیاسی رہنمائوں سابق ارکانِ قومی اسمبلی سردار غلام عباس، عبدالغفار ڈوگر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ نے بھی الگ الگ ملاقات کی ۔شہباز شریف سے چیئرمین لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی حافظ نعمان نے بھی ملاقات کی اور وزیرِ اعظم کو بجلی کی طلب و ترسیل اور بجلی چوری کے سدباب کیلئے لیسکو کے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا،اس موقع پر چیئرمین لیسکو نے وزیرِ اعظم کے سولرائیزیشن کے منصوبے پر لیسکو کی حدود میں عملدرآمد بالخصوص گرڈز اسٹیشنز کی سولرآئیزیشن کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ مزید براں شہباز شریف نے نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر طاہر رائے کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں