نواز شریف کی واپسی پر قانونی سٹیٹس کے مطابق عمل کریں گے:محسن نقوی
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ ملتان کے دوسرے روز بھی دورے جاری رکھے ۔مصروفیات کا آغاز صوبائی کابینہ کے ہمراہ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے کیا۔
وزیراعلی ٰنے شہباز شریف ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان،کیڈٹ کالج،پریس کلب ملتان اور دربار شاہ شمس تبریز کے دورے بھی کئے ۔صوبائی وزراء اور افسر ہو ٹل سے پیدل کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ پہنچے اور ہسپتال کی او پی ڈی اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا - مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا -محسن نقوی نے زیر تعمیر سیکنڈ فلور کا معائنہ کیا -منصوبے کی بر وقت تکمیل اور دیگر شعبوں کو فوری فعال کرنے کی ہدایت کی- فارمیسی کا معائنہ کیااور مریضوں سے ادویات کے بارے میں دریافت کیا-تیمارداروں کے لئے انتظارگاہ میں سہولتوں کا جائزہ لیااور ویٹنگ ایریامیں سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں سہولتوں کا معیار مزید بہتر بنانے کا حکم دیا-شہباز شریف ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اورعلاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی ملتان پریس کلب پہنچ گئے اور صحافی برادری کے لئے پریس کلب میں سہولتوں کا جائزہ لیا-بعدازاں محسن نقوی صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزارحضرت شاہ شمس تبریز پہنچے اور مزار کمپلیکس کی تزئین و آرائش اور توسیع و بحالی کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا -محسن نقوی نے دربار پر حاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور چادر چڑھائی اور پھول رکھے - ملک کی ترقی و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔نگران وزیر اعلیٰ، صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری اور دیگر افسروں کے ہمراہ کوسٹرز میں مظفر گڑھ پہنچے ۔رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ اورانڈسٹریل اسٹیٹ سائیٹ کے دورے کئے ۔وزیر اعلیٰ نے رجب طیب اردوان ہسپتال سے ملحق نیا نرسنگ سکول بنانے کا اعلان کیااور رجب طیب اردوان ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ایمرجنسی،آپریشن تھیٹر، استقبالیہ کائونٹر،ڈائیلسز یونٹ کا معائنہ کیا۔انہوں نے ویٹنگ ایریامیں مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی،مریضوں کی خیریت اور ہسپتال میں طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی نے ایک بزرگ مریض کے توجہ دلانے پر انہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کرنے کی ہدایت کی۔ بزرگ مریضہ نے وزیر اعلیٰ کو دیکھ کر ان سے شفقت کا اظہار کیا اور دعائیں دیں۔ وزیراعلی ٰنے اس موقع پر6 ماہ سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے منتظر 17 سالہ لڑکے کو فوری طور پر پی کے ایل آئی منتقل کرنے کی ہدایت کی اورڈائیلسز کے مریضوں کا بیک لاگ ختم کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہاراور مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ رجب طیب اردوان ہسپتال دورہ کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ پہنچے اور استقبالیہ کاؤنٹر پر پرچی کے اجراء کے عمل کا مشاہدہ کیا۔سی ٹی سکین روم،ایکسرے اور ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ،سرجیکل اور میڈیکل وارڈز کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ادارہ برائے نفسیات وترک منشیات کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے مریض کی طرف سے استعمال شدہ سرنج کے دوبارہ استعمال کی شکایت پر فوری تحقیقات کا حکم دیا ،بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ بڑے شہروں کے بیشتر ہسپتالوں سے بہت بہتر ہے ۔
پرائمری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ہسپتالوں کا سٹرکچر بہت بہترین ہے لیکن مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔ اگر ڈی ایچ کیو ہسپتال اچھا کام کریں تو بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں رش نہیں پڑے گا۔رات گئے نشترہسپتال ملتان کا دورہ کیا،نشتر ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ سے بد تر حالت میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ نشترہسپتال ملتان کے ایم ایس کو تبدیل کردیا ہے ،مزید تبدیلیوں پر غور جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا 2دن کا یہ دورہ بھرپور رہا ہے ،کابینہ اور افسر رات 2بجے تک فیلڈ میں موجود رہے ۔مظفر گڑھ میں قائم واحد پارک کو عوام کے لئے جلد کھولا جائے گا۔نگران وزیر اعلیٰ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پولیس شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی- 32 پولیس شہداء کی فیملیز کو پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر دیئے اور شہداء کی فیملیز سے پلاٹ کی ملکیتی اور ٹرانسفر فیس وصول نہ کرنے کا اعلان کیا۔ادھر کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے پیش نظرمحسن نقوی نے سیکرٹری زراعت افتخار سہو کو ہنگامی بنیادوں پرفوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے -سیکرٹری زراعت آج ہی جام پور جا کر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں گے -سفید مکھی کے تدارک کی مہم کے دوران پاک فوج کے تعاون سے ہیلی کاپٹرز اور ڈرون کے ذریعے جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر سپرے کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی ایک صحافی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے سوال کیا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پر گرفتار کریں گے ؟۔محسن نقوی نے جواب دیا کہ جو قانونی اسٹیٹس ہوگا اس کے مطابق عمل کریں گے ۔
ملتان (محمد حسن رضا) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے ۔محسن نقوی نے کابینہ کے ہمراہ ملتان، مظفر گڑھ کے 8سرکاری ہسپتالوں ، 2 تھانوں، دربار اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت میگا پراجیکٹ کے بھی دورے کئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بغیر پروٹوکول عوامی مسائل بھی سنے اور فوری ایکشن بھی لیا گیا ۔ عوامی مسائل کے حل کے لئے مسلسل کام کرنے پر جنوبی پنجاب کی عوام نے محسن رضا نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ ہسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی، جگہ جگہ گندگی، ٹیسٹ فری نہ ہونے پر نگران وزیراعلی ٰبرہم ہوئے ، 1 ایم ایس سمیت 2 افراد معطل, 17 افسروں وملازمین کے خلاف انکوائری کا حکم دیا۔ ملتان نشتر ہسپتال میں ایک خاتون نے کہا وہ تین روز سے ہسپتال میں داخل ہے سب اخراجات جیب سے کئے تو وزیراعلی ٰنے ایم ایس سے پوچھا جس پر ایم ایس خاموش ہوگیا، رات گئے ملتان اور گردونواح میں ترقیاتی اسکیموں کا جہاں جائزہ لیا وہاں تھانوں کے بھی دورے کئے ۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے گی۔پنجاب کے تمام ترقیاتی کاموں میں کسی صورت کرپشن قبول نہ ہوگی۔ پنجاب کے تمام ترقیاتی کاموں میں ہر گز غیر معیاری میٹریل استعمال نہ ہوگا۔ ایسا کرنے پر سخت ایکشن ہوگا۔ پنجاب کے تمام ترقیاتی کاموں کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے ۔