لیسکو کا15ویں روز بھی کریک ڈاؤن،مزید 30بجلی چور گرفتار

 لیسکو کا15ویں روز بھی کریک ڈاؤن،مزید 30بجلی چور گرفتار

لاہور/فیصل آباد (اپنے کامرس رپورٹر سے ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو )کے بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کے 15ویں روز تمام سرکلز میں مزید 439 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ۔435 چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں کودی گئیں۔

جن میں سے 239مقدمات درج کرا کے 30ملزموں کو گرفتار بھی کر ا دیا گیا۔لیسکو ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے تمام کنکشنز  

منقطع کرکے ملزموں کو 4 کروڑ65لاکھ 79 ہزار 204روپے کے جرمانے کئے گئے ۔دوسری طرف لیسکو مہم کے دوران ابتک 6 ہزار 525 مقامات سے بجلی چوری پکڑی گئی لیکن چوروں سے ریکوری کرنا وبال جان بن گیا،15 روز میں ڈیٹیکشن بلز کی صرف 16 فیصد ریکوری ہوسکی ،لیسکو انتظامیہ نے چوروں کے خلاف 5 ہزار 873 مقدمات درج کروانے کی درخواستیں دیں لیکن پولیس نے 5 ہزار 48 مقدمات درج کئے ، بجلی چوروں کو 62 کروڑ 39 لاکھ 26 ہزار 586 روپے ڈیٹیکشن بلوں کی مد میں چارج کئے گئے لیکن لیسکو ڈیٹیکشن بلوں کی رقم میں سے صرف 16 فیصد یعنی9 کروڑ 84لاکھ 40 ہزار 920 روپے ریکور کر سکی، ریکوری نہ ہونے کے باعث اینٹی تھیفٹ مہم کے ثمرات حاصل نہ ہوسکے ۔ذرائع کے مطابق لیسکو فیلڈ افسروں کی جانب سے پکڑے جانے والے صارفین کو بھاری ڈیٹیکشن بل ڈالے جارہے ،نیپرا قوانین سے ہٹ کر بھجوائے جانے والے ڈیٹیکشن بل ادا کرنا صارفین کے بس کی بات نہیں۔ ادھر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (فیسکو)نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں بلیک لسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو فیسکو بشیر احمد کاکہنا تھا کہ بجلی نادہندگان اور چوروں کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کرائیں گے ،فیسکو ریجن میں 472 ہاؤسنگ کالونیاں غیر قانونی بجلی کنکشن استعمال کر رہی ہیں، ٹیموں سے مزاحمت اور فائرنگ پر چوروں پر دہشت گردی کا مقدمہ ہوگا۔دریں اثنا ایک رپورٹ کے مطابق فیصل آباد ریجن کے آٹھوں اضلاع میں واسا ، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ،پنجاب پولیس سمیت 50 سے زائد سرکاری ادارے ایک ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے فیسکو کے نادہندہ ہیں ۔ ادھر سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے بیان میں کہا ہے کہ بجلی چوروں سے اب تک 5 ارب روپے وصول کرلئے ، 1500 بجلی چور گرفتار کرلئے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں