پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کر دیا:محمد علی

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کر دیا:محمد علی

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کردیا ہے ۔ ایران سے سستی گیس اور پٹرول کی پیشکش موجود ہے جس پر غور کررہے ہیں۔

لاہور میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ماڈل کسٹمر سروس سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ڈالر یونہی نیچے آتا رہا تو مستقبل میں پٹرول بجلی اور گیس سستی ہو سکتی ہے جس سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔ بجلی چوروں سے دس دنوں میں ملک بھر سے چھ ارب روپے ریکور کیے ہیں اب بجلی اور گیس کی شکایات کا جلد ازجلد ازالہ ہوگا۔ بجلی اور گیس مہنگی خرید کر سستے دام فروخت نہیں کرسکتے ۔علاوہ ازیں نگران وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے واپڈا ہاؤس کے دورہ کے دوران لیسکو افسروں سے ملاقات کی۔انہوں نے بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کی جانب سے وفاقی وزیر کو مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی اور ریکوری کے معاملے میں لیسکو کی کارکردگی دیگر ڈسکوز سے آگے ہے تاہم اس میں مزید تیزی لائی جائے ،بجلی چوری میں ملوث افراد قومی مجرم ہیں، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں