نواز،زرداری ،گیلانی سمیت مزید18نیب ریفرنسز کاریکارڈ احتساب عدالتوں میں جمع

نواز،زرداری ،گیلانی  سمیت مزید18نیب  ریفرنسز  کاریکارڈ احتساب عدالتوں  میں  جمع

اسلام آباد،لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نیب ترمیم کالعدم کے فیصلہ پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری، اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں مزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروادیا گیا۔

گذشتہ روزبھی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنسز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہااور مزید  18 ریفرنسز کا ریکارڈ جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالتوں میں جمع کرادیاگیا، جن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس،سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس،آصف علی زرداری کے خلاف آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کا ریفرنس کا ریکارڈشامل ہے جو متعلقہ احتساب عدالتوں میں جمع کروادیا گیا، احتساب عدالت نمبر 1 میں مزید 4 ریفرنسز،احتساب عدالت نمبر 2 میں مزید 2 ریفرنسزجبکہ احتساب عدالت نمبر 3 میں مزید 12 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروایا گیا، جن کے بعد اب تک مجموعی طور پر44 ریفرنسز کا ریکارڈ عدالتوں میں جمع کرایاجاچکاہے جبکہ مزید کی جانب پڑتال جاری ہے ۔واضح رہے کہ نیب قانون میں ترمیم کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد نیب کی جانب سے 80 ریفرنسز کی فہرست احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائی گئی تھی، جس کے مطابق ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔دریں اثنا نیب حکام نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس لاہور کی احتساب عدالت نمبر پانچ میں جمع کرادیا ، احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان کا تبادلہ ہوچکا ہے ،ڈیوٹی جج نسیم ورک کے رخصت پر ہونے کے باعث دوبارہ کارروائی پیر سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کی احتساب عدالت کو بھی 70 ریفرنس موصول ہوگئے ،3 اکتوبر کو سماعت ہوگی،ملزموں کو نوٹس جاری کردئیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں