ڈاکوؤں نے گھوٹکی ،کشمور پل کی تعمیر رکوادی،وزیراعلیٰ برہم

ڈاکوؤں نے گھوٹکی ،کشمور پل کی تعمیر رکوادی،وزیراعلیٰ برہم

کراچی (خبرایجنسیاں)صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں سٹریٹ کرائمز اور ڈرگ مافیا کی روک تھام اور غیر قانونی ہائیڈرینٹس کیخلاف کارروائی سمیت کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پاک فوج/رینجرز کے جامع مشترکہ آپریشن کی منظوری دے دی گئی۔

 کمیٹی کا 28واں اجلاس نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے کراچی میں سٹریٹ کرائمز اور ڈرگ مافیا کی روک تھام اور غیر قانونی ہائیڈرینٹس کو روکنے کے لیے پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کی منظوری دی۔اجلاس میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پاک فوج/رینجرز کا جامع مشترکہ آپریشن شروع کرنے کی منظوری کے علاوہ دریائے سندھ پر گھوٹکی ،کشمور پل پر روکے گئے تعمیراتی کام کو شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ ڈاکوؤں کا خاتمہ، سٹریٹ کرمنلز، ڈرگ مافیا کی روک تھام اور غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خاتمے سے عوام کا حکومت اور اداروں پر اعتماد بڑھے گا۔انھوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ شہر کے تھانوں کی مجموعی حالت بہتر بنائی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا کہ ڈاکو گھوٹکی ،کشمور پل کی تعمیر نہیں ہونے دے رہے اس لیے کام روک دیا گیا ہے ۔اس موقع پر کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے رینجرز اور پولیس کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور وہاں کام کرنے والے لوگوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آپریشن کیلئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور منظم ہتھیاروں کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے ،انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی آپریشن میں معاونت کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز نے نہ صرف لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے بلکہ اس سے حکومت کی بدنامی ہوئی ہے ۔ایپکس کمیٹی نے تفصیلی بحث کے بعد سٹریٹ کرمنلز اور ڈرگ مافیا کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے کچی آبادیوں میں بار بار کومبنگ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا دورانیہ رش کے اوقات میں بھی شروع کرنے کی منظوری دی۔ ضمانت پر رہا ہونے والے مجرموں، ہر بار جرم کرنے والے مجرموں، منشیات فروشوں اور فرار ہونے والوں کی نگرانی اور ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمرا نیٹ ورکس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کے پھیلا ؤ کے ذریعے نگرانی میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں