چودھری شجاعت سے نگران وفاقی وزیر خلیل جارج کی ملاقات
لاہور(سیاسی رپورٹر سے)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے ظہور الٰہی روڈ پر ان کی رہائشگاہ پر جا کر ملاقات کی، سالک حسین نے وفاقی وزیرکا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران چودھری سالک حسین اور ق لیگ کے دیگر رہنما بھی موجو دتھے، خلیل جارج نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں ملکی معاملات اورباہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے وفاقی وزیر کو مشورہ دیاکہ حکومت معاشرے میں برداشت کے لئے اقدامات کرے، عدم برداشت تیزی سے بڑھ رہی جس سے ملکی مسائل میں اضافہ ہورہاہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں خلیل جارج نے کہا کہ میں شجاعت حسین کی عیادت کے لئے آیا ہوں ،کل ان کے والد کی برسی ہے میں پیغام لے کر آیا ہوں، کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔مسلم لیگ ق کے رہنما سابق وفاقی وزیر سالک حسین نے کہاکہ اس وقت مہنگائی کے جو حالات ہیں بہتر ہے ہم ان کو دیکھیں، ذاتی لڑائیوں میں نہیں پڑنا چاہیے، الیکشن کمیشن اگر کوئی تاریخ دیتا اور وہ اوپر نیچے ہوجاتی ہے تو پھر لوگوں نے باتیں کرنی تھیں، پولیٹیکل اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔