غلطی کی گنجائش نہیں ، بنیادی فیصلے لینے کا وقت آگیا :مفتاح
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات کی وجہ سے اس نہج پر پہنچ چکے کہ اب غلطی کی گنجائش نہیں ، ملک میں بنیادی فیصلے لینے کا وقت آگیا۔
معیشت کو درست کرنے کے لئے اخراجات کم کرنا پڑیں گے، جب تک صاحب حیثیت سے ٹیکس نہیں لیں گے مسائل ختم نہیں ہونگے، ملک میں 40 فیصد مہنگائی ہے، مڈل کلاس تباہ ہو کر رہ گئی، امید ہے آئی ایم ایف ریویو پروگرام مل جائیگا، مزید اقدامات کرنے پڑیں گے۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے مفتاح اسماعیل نے کہا ایسی کیا چیزیں ہیں جو ایتھوپیا، بھارت کے لیڈر کر سکتے ہیں ہمارے نہیں۔ ہمارے رہنماؤں نے درست وقت پر صحیح فیصلے نہیں کئے، 2017 میں نوکری پیشہ افراد پر ہم نے ٹیکس 15 فیصد کر دیا تھا، اس وقت 261 ارب روپے نوکری پیشہ افراد سے لئے جا رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا ہم صوبوں میں پراپرٹی اور زرعی ٹیکس نہیں لگا رہے۔ دکانداروں، ہول سیلرز پر بھی ہم ٹیکس نہیں لگاتے۔ میں نے دکانداروں اور ہول سیلرز پر ٹیکس لگایا تو سب نے حال دیکھا۔مفتاح اسماعیل نے کہا معیشت کو درست کرنے کے لئے اخراجات کم کرنا پڑیں گے ،غریب پورا مہینہ محنت کرتا ہے لیکن بچوں کی کفالت نہیں کر سکتا۔آج بجلی کے بل ایسے ہیں کہ گھر پنکھاچلاتے ڈر لگتا ہے، ٹیکس متعلق ہمیں صوبوں کو بھی ذمہ داری دینی پڑے گی۔