سرگودھا سے لاہور آنیوالی مسافر ٹرین کی کھڑی مال گاڑی کو ٹکر : 25 زخمی 4 اہلکار معطل

سرگودھا سے لاہور آنیوالی مسافر ٹرین کی کھڑی مال گاڑی کو ٹکر : 25 زخمی 4 اہلکار معطل

شیخوپورہ، فیروزوالہ، لاہور، سرگودھا، اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر، اے پی پی، صباح نیوز، نامہ نگار)شیخوپورہ میں قلعہ ستار شاہ ریلوے سٹیشن کے قریب سرگودھا سے لاہور آنیوالی مسافر ٹرین میانوالی ایکسپریس لوپ لائن پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے 25 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری طرف ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، غفلت برتنے پر ڈرائیور ، اسسٹنٹ ڈرائیور، سٹیشن ماسٹر قلعہ ستار شاہ اور کیبن مین کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالا میں قلعہ ستار شاہ کے قریب میانوالی سے لاہور آنے والی میانوالی ایکسپریس کا لوپ لائن پر کھڑی مال بردار گاڑی سے تصادم ہو ،ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے اطلاع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں ۔ذرائع کے مطابق میانوالی ایکسپریس 147اپ گزشتہ رات 1 بجے سرگودھا سے لاہور کیلئے روانہ ہوئی تھی اور صبح 4 بجے اسے حادثہ پیش آگیا،حادثے کے باعث ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت ساڑھے چار گھنٹے تک معطل رہی اور ٹریک صبح 7:30بجے کلیئر کرکے میانوالی ایکسپریس کو منزل کیلئے روانہ کردیاگیا ۔ذرائع کے مطابق گاڑی کو حادثہ سٹیشن ماسٹر قلعہ ستار شاہ کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ، 147 اپ نے تھرو جانا تھا لیکن کانٹا لوپ لائن پر لگا دیا گیا جہاں پہلے ہی مال گاڑی کھڑی تھی ،پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔دریں اثنا ریلوے حکام نے ٹرین ڈرائیور عمران سرور اور اسسٹنٹ ڈرائیور محمد بلال کو فوری طور معطل کرکے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے شاہد عزیز نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے کہا ہے کہ مسافروں کی سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا،قلعہ ستار شاہ حادثہ میں ٹرین میں متعین پانچ اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ چار مسافروں کو معمولی خراشیں آئیں،کسی اہلکار یا مسافر کو ہسپتال ریفر نہیں کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مِسن کالر اور قلعہ ستار شاہ ریلوے سٹیشن کے وارنر سگنل عرصہ دراز سے خراب ہیں اورمذکورہ بالا سٹیشنوں کی بارہا شکایات کے باوجود کوئی حل نہیں نکالا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں