کرپشن پر ایس ایس پی رینک کے 2افسر پنجاب بدر 2کیخلاف انکوائریاں جاری

لاہور(مد ثر حسین سے )پنجاب میں ایس ایس پی رینک کے 4افسروں کیخلاف کرپشن کی شکایات سامنے آنے پر 2افسروں کو صوبہ بدر کردیا گیا جبکہ خاتون سمیت 2پولیس افسروں کیخلاف انکوائریاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے 3 ماہ کے دوران آئی جی پنجاب عثمان انور نے ایس ایس پی رینک کے 4افسروں عامر نیازی، شاکر احمد شاہد، حسن افضل اور خاتون افسرکے خلاف کرپشن کی شکایات پر انکوائریوں کا حکم دیا،عامر نیازی پر راولپنڈی میں تعیناتی کے دوران کرپشن ،اختیارات سے تجاوز کرنااور خاتون افسر ان کو ہراساں کرنے سمیت دیگر الزامات تھے جبکہ شاکر احمد شاہد نے اے آئی جی کمپلینٹس کی تعیناتی کے دوران اپنے ایک پرائیویٹ کار خاص کے ذریعے کرپشن کی تھی، دونوں کیخلاف الزامات ثابت ہونے پران کے خلاف جامع انکوائری وسزا کیلئے آئی جی پنجاب نے سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوا دی ،جس کے بعد ایس ایس پی عامر نیازی اور ایس ایس پی شاہد احمد شاکر کو پنجاب سے سرنڈر کر دیا گیا،کرپشن کی ان شکایات کی وجہ سے یہ دونوں افسر اگلے رینک پر ترقی بھی نہیں پا سکے البتہ ان کے بیچ میٹ اگلے عہدوں پر ترقیاں پا گئے ،ذرائع کے مطابق دیگر دو افسروں میں حسن افضل نے فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں تعیناتی کے دوران اختیارات کا ناجائزاستعمال کرکے رشوت وصول کی تھی جبکہ خاتون افسر کے خلاف بھی کرپشن کی شکایت پر انکوائری حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے ،دونوں افسروں کیخلاف انکوائری جلد مکمل کرکے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی جائے گی جس کے بعد آئی جی حتمی انکوائری اور سزا کیلئے سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوائیں گے ۔پی ایس پی افسران کی کرپشن کی شکایات سامنے آنے پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران کی کرپشن کی شکایات سامنے آنا افسوسناک بات ہے ، جن افسران کی کرپشن کی شکایات سامنے آئی تھیں انکی انکوائری جاری ہے ،انکوائری میں کرپشن ثابت ہونے پر کسی افسر سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔