فیض آباد دھرنا کیس پرکل سماعت،آئی بی کی نظرثانی درخواست واپس لینے کی استدعا

فیض آباد دھرنا کیس  پرکل سماعت،آئی بی  کی نظرثانی درخواست واپس  لینے  کی  استدعا

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)نے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست واپس لینے کی استدعا کردی جبکہ مقدمے میں شیخ رشید کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کی طرف سے التوا کی درخواست دائر کر دی گئی۔

 خیال رہے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواستیں کل 28ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہیں، آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں کہا گیا کہ آئی بی فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست واپس لینا چاہتا ہے اس لئے متفرق درخواست منظور کرکے نظر ثانی درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کی طرف سے دائر کی گئی متفرق درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار شیخ رشید زیرحراست ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہوپارہا جبکہ مقدمہ میں درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی اب صوبائی وزیر قانون بن چکے ہیں اور وہ بطورصوبائی وزیر قانون فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس میں پیش نہیں ہوسکتے ، فیض آباد ھر نا کیس کی سماعت ملتوی کردی جائے ۔ 2019میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور مختلف اداروں اور افراد کے خلاف آبزرویشن دی تھیں،عدالت کی آبزرویشن سے متاثرہ اداروں اور افراد نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے نظر ثانی درخواستیں دائر کی تھیں ،عدالت کا فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا تھا، اب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نظر ثانی کیس کی جمعرات کو سماعت کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں