ملکی ترقی،استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانا ہوگا:آرمی چیف

ملکی ترقی،استحکام اور امن کیلئے  ایک دوسرے  سے  تعاون بڑھانا ہوگا:آرمی  چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر نے گزشتہ روز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی موجود تھے ۔ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے ،خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔ انہوں نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا وہ خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے ۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف کو سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، شہدا کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔آرمی چیف نے کہا ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا اور ملک کے امن اور خوشحالی کیلئے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے ،آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں