ستمبر میں پاکستانی کرنسی کی کارکردگی سب سے بہترین قرار

ستمبر میں پاکستانی کرنسی کی کارکردگی سب سے بہترین قرار

کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،دنیا مانیٹرنگ) پاکستانی کرنسی نے رواں ماہ ستمبر میں ڈالر کے مقابلے میں دنیا کی بہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کرلیا۔

بلوم برگ اور سٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں ستمبر میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 5.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی جو دنیا بھر میں ڈالر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔31اگست کو ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر 305.54 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔اس فہرست میں کولمبیا کی کرنسی دوسرے اور موریشیس کی تیسرے نمبر پر رہی۔کولمبیا کی کرنسی کی قدر میں ستمبر کے دوران ڈالر کے مقابلے میں 0.8 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی، اسی طرح موریشیس کی کرنسی کی قدر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 0.5 فیصد کی شرح سے نمو دیکھنے میں آئی۔گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 1روپے 5پیسے کمی سے 288روپے 75پیسے پر بند ہوا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 2روپے کمی سے 290روپے پر پہنچ گئی ۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ریئر ایفیکٹو ایکسچینج ریٹ کے مطابق ڈالر کی حقیقی قیمت 260روپے بنتی ہے ، معاشی تجزیہ کار امید کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ترسیلات زر اور ایکسپورٹ کی پیمنٹس بڑھنے سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے روپے کی قدر مزید مضبوط ہونے کے امکانات ہیں۔ادھر فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے کہا ڈالر کی قیمت جلد ہی 250روپے کی سطح پر آجائے گی اور یہ ہی اس کی اصل قیمت ہے ،ڈالر کو فروخت کیا جائے گا تواس کی مزید قدر گرے گی، 5ہزار کے نوٹ کو دو تین سال میں ختم کردینا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں