کندھ کوٹ:راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 9افراد جاں بحق

کندھ کوٹ:راکٹ لانچر کا گولہ  پھٹنے سے 9افراد جاں  بحق

کندھ کوٹ (دنیانیوز،خبرایجنسیاں) کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ گھوڑاگھٹ تھانے کی حدودعلی نواز سبزوئی میں پیش آیا جہاں اہلخانہ نامعلوم مقام سے ملنے والا گولہ بیچنے کے لئے توڑ رہے تھے ۔

جاں بحق افراد میں حنیفان ،نیاز احمد، ایاز احمد، 5 سالہ راشد محمود، 4 سالہ زبیر، 2 سالہ رخسانہ، 3 سالہ قربان اور 5 سالہ رخسانہ شامل ہیں۔ 23 سالہ خدیجہ کو زخمی حالت میں رحیم یار خان لے جایا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی انتقال کر گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں ،بیٹا بھی ہیں۔ایس ایس پی کندھ کوٹ روحیل کھوسہ نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے سوال کیا کہ راکٹ گوٹھ میں کیسے پہنچا، کیا اسلحے کی کھیپ کچے میں سمگل ہو رہی تھی یا وہاں ان کے سہولت کار موجود ہیں۔گورنر کامران خان ٹیسوری نے بھی آئی جی اور کمشنر لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں