بشریٰ بی بی کا آڈیو لیک کیس ثاقب نثار کے بیٹے کیساتھ یکجا

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس میں ایف آئی اے طلبی نوٹس کیخلاف درخواست میں طلبی سمن معطلی کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے درخواست کو دیگر متعلقہ درخواستوں کے ساتھ یکجا کردیا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ پولیس نے ایف آئی اے کو بشریٰ بی بی کا وائس سیمپل لینے کیلئے کہا،ایف آئی اے نے پولیس کی درخواست پر بشریٰ بی بی کو سمن جاری کیا،عدالت نے بشریٰ بی بی کا کیس سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے کیس کے ساتھ یکجا کردیااور سماعت 30 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان کے بچوں کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی، بینچ کے دوسرے رکن جسٹس راحیل کامران شیخ نے کیس سننے سے معذرت کرلی،دو رکنی بینچ نے کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوادی۔