خدیجہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

خدیجہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور(اپنے خبر نگار سے،کورٹ رپورٹر ،صباح نیوز،آئی این پی،اے پی پی )لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے 9 مئی کوجناح ہاؤس پر حملے کے الزام میں گرفتار فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ ، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ گزشتہ روز جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو عدالت پیش کیا گیا تھا،ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے ۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے جلا ؤگھیرا ؤ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف دائر اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ نہ دینے کے خلاف دائر پراسیکیوشن کی اپیلوں پر سماعت کرنا تھی لیکن بینچ کے رکن کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت نہ ہوسکی اور دو رکنی بینچ کی کازلسٹ منسوخ کر دی گئی۔ پراسیکیوشن نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ مزید نہ دینے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ عدالت دوبارہ ملزمان کا مزید ریمانڈ دینے کا حکم دے ۔ ادھر ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کو جیل میں بی کلاس دینے کیلئے ان کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کی درخواست پر سماعت کی اور دوران سماعت عدالتی استفسار پر وکیل پنجاب حکومت نے بتایا کہ جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں ایسی اپیلیں زیر سماعت ہیں ، عدالت نے درخواست جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ میں سماعت کے لئے مقرر کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس ہائیکورٹ کو ارسال کردی۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کے بھانجے حسان نیازی اور ان کے والد حفیظ نیازی کے درمیان رابطہ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا ۔جسٹس سلطان تنویر نے حسان کے والد حفیظ نیازی کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا اور پنجاب حکومت کے وکیل کو متعلقہ اتھارٹی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں