نوازشریف استقبال کے بعد عدالت میں سرنڈر کر ینگے :رانا ثنا

نوازشریف استقبال کے بعد عدالت میں سرنڈر کر ینگے :رانا ثنا

لاہور (اے پی پی)مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر و سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے نوازشریف استقبال کے بعد عدالت میں سرنڈر کر ینگے ، 9 مئی کو ایک سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا۔

اگر یہ لوگ اس میں کامیاب ہو جاتے تو اس کے تباہ کن اثرات ہوتے ، اگر نئے پاکستان کا تجربہ نہ کیا جا تا تو 22 ۔2021 میں سی پیک مکمل ہو چکا ہوتا،اپنے بیانیے سے یوٹرن لینے یا اسٹیبلشمنٹ سے معاملات طے پانے کا تاثر غلط ہے ،نواز شریف بے گناہ ہیں ، امید ہے انہیں بغیر کسی اشارے ، گارنٹی کے ریلیف ملے گا،کوئی پلان بی نہیں ہے ،نوازشریف 21 اکتوبر کو ضرور آئیں گے ،وہ کسی ڈیل سے گئے نہ واپس آرہے ہیں،ہم اشاروں پر یقین نہیں رکھتے ،اس وقت ہم کسی کو نہیں چھوڑینگے کی گردان اپنے آپ اور ملک سے زیادتی ہوگی۔ منگل کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور ڈویژن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا اس بحرانی کیفیت اور مشکلات میں پاکستان اور قو م کو دوبارہ ایسے آزمودہ لیڈر کی ضرورت ہے جو دوبارہ پاکستان کو ٹریک پر لے آئے اور مشکلات سے باہر نکالے ،اس کے لئے مسلم لیگ(ن)کی درخواست پر نواز شریف 21 اکتوبر کو اپنی جماعت کو لیڈ کرنے ،قوم کو ایک امید دینے اور اس امید کو یقین میں بدلنے کا عزم لے کر وطن واپس آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا نواز شریف قوم کو نہ صرف امید دلائیں گے بلکہ اس امید کو یقین میں بدلنے کے لئے راستے کے تعین بارے بھی بتائیں گے ۔انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں پاکستان اس وقت بہت مشکلات کا شکار ہے ،نواز شریف اس روز اپنا بیانیہ اور اپنی پالیسی پر بھی اظہار خیال کریں گے مسلم لیگ(ن)اپنا منشور بھی دے گی۔اپنے بیانیے سے یوٹرن لینے یا معاملات طے پانے سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا یہ تاثر بالکل بے بنیاد اور غلط ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی معاملات طے ہوئے ہیں،کیا ہم پرانے معاملات لے کر بیٹھ جائیں۔اس وقت نواز شریف قوم کے لئے امید لے کر آرہے ہیں، اگر ہم بھی اس وقت یہ گردان نہیں چھوڑیں گے کہ ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے تو ہم اپنے آپ سے بھی اور ملک سے بھی زیادتی کریں گے ۔انہوں نے کہا ہماری لیگل ٹیم نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے لئے پوری تیاری کر لی ہے ،وہ آئیں گے اور استقبالیہ کے بعد عدالت کے سامنے سرنڈر کر یں گے ۔انہوں نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے کہا جو آف ایئر ہیں وہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ہیں، اسی طرح جو جیل میں ہے انہوں نے بھی جرم کئے ہیں،ہم نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا ۔جس نے جو جرم کیا ہے اسے اس کی سزا ملنی چاہیے ،باقی انتخابات لڑیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں