لیسکوکا 26ویں روز بھی آپریشن ،مزید501بجلی چور بے نقاب

لیسکوکا 26ویں روز بھی آپریشن ،مزید501بجلی چور بے نقاب

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکوکا بجلی چوروں کیخلاف 26ویں روز بھی پانچوں اضلاع میں آپریشن جاری رہا اور مزید501 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ، 291 مقدمات درج کر لیے گئے۔

دوسری طرف لیسکو نے چوری روکنے کے لیے 30 فیصد سے زائد  لاسز والے فیڈرز پر بجلی 12 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا،لیسکو کے کل 97 فیڈرز کے لاسز 30 فیصد سے زائد ہیں اور لیسکو کو ان فیڈرز سے سالانہ اربوں روپے نقصان ہورہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لیسکو کے ریجن بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں مزید13کمرشل ،9زرعی اور 477 گھریلو کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ، تمام کنکشنز منقطع کرکے ملزمان کو 3 کروڑ 99 لاکھ 80 ہزار 750 روپے جرمانے کئے گئے ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق چھبیس روز کے دوران کل 11988 افراد چور ی کرتے پکڑے گئے ،11184مقدمات درج، 1 ارب 13 کروڑ 66 لاکھ روپے جرمانے کئے جا چکے ۔ادھر لیسکو کے فیصلہ کے مطابق 30 فیصد سے زائد لاسز والے فیڈرز پر شام چھ سے صبح 6 بجے تک12گھنٹے بجلی بند رہے گی ، بجلی چوری میں قصور پہلے نمبر پر ہے جہاں 75 فیڈرز پر لاسز 30 فیصدسے زیادہ ہیں، ناردرن سرکل میں 11،ایسٹرن سرکل میں 3 فیڈرز ،شیخوپورہ 3 ،اوکاڑہ 1اور ساؤتھ سرکل کے 4 فیڈرز پر لاسز 30 فیصد سے زائدہیں جبکہ لیسکو کے سینٹرل اور ننکانہ سرکل میں کسی فیڈرپر 30 فیصد سے زائد لاسز نہیں۔ ذرائع کے مطابق چوری والے علاقوں کی بجلی بحال کرانے کیلئے قصور کی سیاسی شخصیات متحرک ہو گئیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں