الیکشن میں مزید التوا ہوا تو بھرپورمزاحمت کرینگے :سراج الحق

 الیکشن میں مزید التوا ہوا تو بھرپورمزاحمت کرینگے :سراج الحق

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وہ الیکشن میں التوا کی کوئی وجہ نہیں دیکھ رہے ،اگر ایسا ہوا تو جماعت اسلامی بھرپور عوامی، جمہوری پرامن مزاحمت کا راستہ اختیار کرے گی۔

الیکشن سے قبل معیشت کی بہتری کی باتیں کرنے والے نوشتہ دیوار پڑھ چکے ، انھیں شکست نظر آ رہی ہے ، معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے الیکشن التوا کی دلیلیں ماضی میں لگائے جانے والے "انتخاب نہیں احتساب "کے نعروں کا تسلسل ہے ، سوال یہ ہے آئین کیا کہتا ہے ؟ آئین پاکستان واحد ڈاکومنٹ ہے جس پر پوری قوم کا اتفاق ہے ، اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔منصورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی دو صوبوں کی نگران حکومتیں آئین سے بالاتر کام کررہی ہیں، نگران حکومتوں کے پاس یہ مینڈیٹ بھی نہیں کہ بجلی ، گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کریں، یہ ماضی کی حکومتوں کا تسلسل اور آئی ایم ایف کے احکامات پر عمل پیرا ہیں جس کے نتیجہ میں عوام مشکل ترین حالات سے دوچار ہیں۔سراج الحق نے کہا سمگلنگ اور کرپشن کے خلاف کارروائی کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں، یہ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے ، تاہم اس کا ہرگز مطلب الیکشن التوا نہیں۔ قوم اس لیے فوج سے محبت کرتی ہے کیونکہ وہ سرحدوں کی پاسدار ہے اور یہی فرض آئین پاکستان نے انہیں دیا ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں دو اتحادی حکومتیں کارکردگی کی بنیاد پر بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، وہ لوگ جو باربار باریاں لے چکے اب مزید باریوں کی تلاش میں ہیں، یہ ہمیشہ کی طرح قوم سے جھوٹے وعدے کررہے ہیں۔ مومن ایک سوراخ سے دو دفعہ نہیں ڈسا جاتا، اب واحد آپشن اور بہتری کی امید جماعت اسلامی ہے ۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث لوگوں سے اتحاد نہیں ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں