ملک لوٹنے والوں سے ڈیل ، نتائج پھر بھیانک ہونگے :سعد رضوی
لاہور( سیاسی نمائندہ )امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ 21اکتوبر کو آنے والے عدالتی سزا یافتہ مفرور مجرم کی منزل جیل ہے ، ملکی دولت لوٹنے والوں سے ڈیل کے نتائج ایک بار پھر بھیانک ہونگے۔
ملکی ترقی کا واحد حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے ،فلسطین اسرائیل جنگ پر مسلم ممالک کے سربراہان زبانی مذمت کے بجائے صیہونی دہشت گردوں کی مرمت کیلئے عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں ، قبلہ اول اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت پوری امتِ مسلمہ پر فرض ہے ،عالمی برادری فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرکے فلسطین میں امن کیلئے کردار ادا کرے ، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے رابطہ کرکے فلسطین کے حالات کو اُجاگر کریں۔ سعد رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی و سیاسی بحران کا حل جمہوریت اور آمریت میں نہیں اسلام پر چلنے میں ہے ، وسائل پر قابض لوگوں کا احتساب نہ کیا گیا تو متوسط اور غریب طبقے کی زندگی مزید اجیرن ہوجائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرحدوں کی حفاطت کرنے والے جوان اور شہدا ہمارا فخر ہیں،عام انتخابات میں پورے ملک سے اپنے امیدوار کھڑے کرینگے ، اپنے آئینی اور قانونی حقوق کسی طاقت کو بھی چھیننے نہیں دینگے ،بروقت اور آئین و قانون کے مطابق انتخابات نگران حکومت کی ذمہ داری ہے ۔