مایوس ہونیوالا نہیں،عوام کے حالات بدلیں گے :نواز شریف
لاہور (سلمان غنی)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا مایوس ہونے والا نہیں ہوں، عوامی حمایت سے قوم کے حالات بدلیں گے ، موجودہ حالات تنائو اور ٹکرائو کے متحمل نہیں ، ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔
وہ گزشتہ روز جاتی امرا میں لندن سے آنے والی کارکنوں کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے سوالات کے جوابات دے رہے تھے ، انہوں نے ملکی ترقی کے عمل کو توانائی کے بحران کے خاتمہ سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا ہمیں بجلی کے بلوں جیسے سلگتے مسئلہ کا حل نکالنا ہے جس پر مجھے رہنمائی کی ضرورت ہے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا بڑا سبب بجلی کی چوری ہے آخر کب تک بجلی چوری کا لوڈ عام آدمی اٹھائے ایسا کرنے والے کون ہیں اور کون ان کے سہولت کار ہیں سب کو پتہ ہے ان پر آہنی ہاتھ پڑنا چاہیے ،یہی حل ہے ہمیں بجلی کے ماہرین بتائیں کہ بجلی کی قیمتوں کو کیسے نیچے لایا جائے اور ملک کو آگے چلایا جائے ملک میں استحکام کیلئے اب سیاست برائے خدمت کی ضرورت ہے ، زبیر گل، راشد رندھاوا، حسن ڈار، خرم بٹ، عبدالشکور، اسد انصاری ،عمران سعید، چودھری منظر، راشد ہاشمی میں سے ہر ایک کا نام لیتے ہوئے ان کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ لندن میں بھی جمعہ کے بعد ان دوستوں سے ظہرانہ پر ملاقات ہوتی تھی آج ہم نے یہاں سے اس روایت کا آغاز کیا ہے اور یہ روایت قائم رہے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ آج اگر عوام ہم سے امیدیں اور توقعات لگائے بیٹھے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں ہماری حکومتوں کی خدمات کا پتہ ہے ۔
انہوں نے کوئٹہ میں سو افراد کی شہادتوں کے ماضی کے ایک سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچی اپنے باپ کی لاش پر کھڑی رو رہی تھی اور اس کی بہن آہ و زاری کر رہی تھی تو اسلام آباد میں بیٹھا حکمران یہ کہتا نظر آتا ہے کہ مجھے کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا جب حکمران اپنے عوام بارے اس طرزعمل کا مظاہرہ کرتے نظر آئیں گے تو لوگ سو دفعہ سوچیں گے ، حکمرانوں کو اپنے عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے ،یہی جمہوری طرزعمل ہے ،انہوں نے کہا آج کے ملکی حالات تناؤ اور ٹکراؤ کے متحمل نہیں ہو سکتے آج کی بڑی ضرورت پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اور آگے لے جانا ہے اور اس مقصد کیلئے اب عوام کو نہیں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،ہمیں نئے حالات میں کسی سے الجھنا نہیں اپنے ہاؤس کو ان آرڈر کرنا ہے ، فیصلہ اب عوام کو کرنا ہے کہ ان کی ترجیح کیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ عوام سے حاصل کی جانے والی طاقت ہی قوم و ملک کی تقدیر بدلے گی ،خدا کے فضل و کرم سے ہمارے پاس ویژن بھی ہے ،ٹیم بھی اور شاندار ماضی بھی، جو پاکستان کے روشن اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنائے گا۔ قبل ازیں نواز شریف نے اپنے والد ،والدہ، اپنے بھائی عباس شریف اور اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور بعد ازاں جمعہ کی نماز ادا کی،نواز شریف نے ملاقاتوں کے دوران اپنے والد میاں شریف کے معتمد خاص چودھری مختار کو دیکھا تو ان کو اپنے ساتھ بٹھایا اور ان کی والدہ کے انتقال پر دعا مغفرت کی، ساتھیوں کو ظہرانہ سے الوداع کرتے ہوئے ایک کارکن کی جانب سے مایوسی کے اظہار پر نواز شریف نے کہا عوام کی حمایت سے حالات بدلیں گے ، میں مایوس ہونے والا شخص نہیں کتنی صعوبتوں اور صدمات کے باوجود میرا آج بھی خدا کی ذات پر بھرپور یقین ہے کہ نیت صاف اور نظر خدا پر ہو تو ناممکن بھی ممکن بن جاتا ہے ۔ان شا ئاﷲ ہم پھر سرخرو ہوں گے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل پر پہنچا کر دم لیں گے ۔