مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور مسلم حکمران امریکا کے خوف کی وجہ سے خاموش:سراج الحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے موجودہ حکمرانوں نے مسئلہ فلسطین پر قوم کی حقیقی ترجمانی نہیں کی، مسلم حکمران غزہ میں سفاکیت پر اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں۔
سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی امریکا کے خوف کی وجہ سے ہے ، امریکی امداد اسرائیل کو قتل عام کا لائسنس جاری کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا ہو گا، صیہونی عزائم کوغزہ میں شکست نہ ہوئی تو یہ اژدہا بن کر پڑوسی ممالک کو بھی نگل لے گا۔انہوں نے فلسطین پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا غزہ کو اسرائیلی جارحیت سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کے تناظر میں انہوں نے کہا پاک افغان حکومتیں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے مشترکہ کمیشن تشکیل دیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایران کے دورہ پر روانہ ہو گئے ۔ لیاقت بلوچ نے منصورہ میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی کا حلف اٹھا لیا۔