صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے : صحافیوں کے ملک گیر مظاہرے

لاہور (نیوز ایجنسیاں)صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
سندھ میں قتل ہونے والے سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔لاہور میں صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس زاہد رفیق بھٹی کی قیادت میں لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا،اسلام آباد میں مظاہرے سے پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر چیف جسٹس پاکستان سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔پی یو جے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر پی یو جے کے قائمقام صدر نور الٰہی بگٹی کی قیادت میں کیاگیا۔ صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی میں صحافتی تنظیموں نے احتجاجی ریلی نکالی جس کے شرکا نے پی آئی ڈی سی سگنل پر دھرنا دے دیا۔مظاہرین نے ایوانِ صدر روڈ پر پولیس کی رکاوٹیں ہٹا دیں،صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا۔اس موقع پر ریلی کے شرکا نے آزادی اظہارِ رائے کے حق میں نعرے لگائے ،دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔