حکومت اضافی چینی برآمد کرنے کا بروقت فیصلہ کرے :شوگر ملز

حکومت اضافی چینی برآمد کرنے کا بروقت فیصلہ کرے :شوگر ملز

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون)نے کہا ہے کہ چینی کی بین الاقوامی قیمتیں اس وقت 750 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہیں۔۔۔

 حکومتِ پاکستان کیلئے انتہائی موزوں وقت ہے کہ وہ سرپلس چینی برآمد کرنے اور زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اورتقریباً 400 ملین امریکی ڈالر کمانے کا بروقت فیصلہ کرے ۔اس سے قبل جب مارچ 2022 میں گنے کی تاریخی بمپر فصل سے 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی پیداوار ہوئی، اس میں سے 20 لاکھ میٹرک ٹن سرپلس چینی کی برآمد سے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کمائے جا سکتے تھے ، لیکن ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سٹاک کی تصدیق اور انفرادی شوگر ملز کی سرٹیفیکیشن کے باوجود غیر معمولی تاخیر سے چینی کی بلندبین الاقوامی قیمتوں سے فائدہ اُٹھانے کا موقع ہاتھ سے چلا گیا۔ جنوری 2023 میں چینی کی برآمدات کی اجازت دی گئی تھی جس سے پاکستان کو چینی کی انٹرنیشنل قیمت صرف 450 ڈالر فی ٹن کے حساب سے زرمبادلہ حاصل ہوا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون)اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ حکومت کے بروقت فیصلے سے ملک کیلئے بہت قیمتی زرمبادلہ آئے گا ، گنے کے کاشتکاروں کو چاول، کپاس اور مکئی کی طرح بین الاقوامی قیمتیں ملنا شروع ہو جائیں گی ، ہماری مقامی ضروریات پر سمجھوتہ کئے بغیر آسانی سے دو بلین امریکی ڈالر تک برآمد کی جا سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں