محمد خان بھٹی کی تقرری :پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت خارج

 محمد خان بھٹی کی تقرری :پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت خارج

لاہور( کورٹ رپورٹر ، اپنے خبر نگار سے )لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے محمد خان بھٹی کو بطور پرنسپل سیکرٹری بھرتی کرنے کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے درخواست ضمانت  بعداز گرفتاری پر سماعت کی، پرویز الہٰی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ، ان سے مزید تفتیش درکار نہیں ، عدالت ان کو ضمانت بعدازگرفتاری پر رہا کرنے کا حکم دے پراسیکیوشن نے پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ پرویز الٰہی کی ضمانت خارج کی جائے عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت مسترد کردی ۔لاہور کی احتساب عدالت نے گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کیس میں گرفتار پرویز الہٰی کے شریک ملزم ریاض اور محمد اصغر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے فیصلہ سنایا ۔لاہور ہائیکورٹ نے راسخ الٰہی ،زارا الٰہی اور تحریم الٰہی کی منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں عبوری ضمانتیں منسوخ کروانے کے لیے درخواست سماعت11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی ۔ایف آئی اے نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ۔عدالت کے روبرو راسخ الٰہی تحریم الٰہی اور زارا الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کردی۔ ایف آئی اے کی جانب سے راسخ ،زارا اور تحریم کی منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں عبوری ضمانتیں منظور کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا ۔عدالت نے ملزمان کے وکیل کی جانب سے جواب کے لیے مہلت دیتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں