سپریم کورٹ قبل از انتخابات دھاندلی کے رواں سلسلے کا نوٹس لے ، پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ قبل از انتخابات دھاندلی کے رواں سلسلے کا نوٹس لے اور۔۔۔
8 فروری 2024 کو دستور میں طے کئے گئے معیار کے مطابق انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے ،عدالتِ عظمیٰ 8 فروری 2024 کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پتھر پر لکیر قرار دے چکی ہے، التوا کی خفیہ و اعلانیہ کوششوں کا نوٹس لے ۔تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین کیخلاف مقدمات پر عدالتی کارروائیوں کا مفصل جائزہ، غیرجمہوری، غیرآئینی اور غیرسیاسی ریاستی عناصر کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو امتیازی انصاف اور متنازعہ عدالتی کارروائی سے نشانۂ انتقام بنائے جانے کیخلاف جامع حکمت عملی تیار کی گئی۔کورکمیٹی کی جانب سے عدالتی اجازت کے باوجود مختلف کارکنوں اور ذمہ داران کو چیئرمین سے ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں جیل انتظامیہ کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کے آغاز کی منظوری دی گئی ۔ چیئرمین کی باضابطہ منظوری سے 6 نئے اراکین کو کور کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے ۔