توشہ خانہ:نواز شریف کا 30نومبر کو بیان قلمبند کرنیکی ہدایت

توشہ خانہ:نواز شریف کا 30نومبر کو بیان قلمبند کرنیکی ہدایت

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف گیلانی و دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کی اجازت دے دی۔

 وکیل  صفائی قاضی مصباح نے درخواست دائر کی اور موقف اپنایا ایک دفاع کا بیان رہتاہے ، عدالت نیب کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کرے ، سپلیمنٹری ریفرنس فائل کرنا ہوگا، نواز شریف کی غیر حاضری میں ریفرنس فائل ہوا ہم چاہتے ہیں ان کا موقف بھی نیب ریکارڈ کرلے ۔ جج نے کہا نواز شریف کو بلا کر بیان ریکارڈ کرلیں۔ پراسیکیوٹر نیب سہیل عارف نے کہا تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کرلیں ہمیں اعتراض نہیں۔ عدالت نے 30 نومبر تک نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی اور سماعت30 نومبر تک ملتوی کردی۔ادھراسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر نواز شریف کی آج پیشی سے متعلق قواعدوضوابط جاری کر دیئے گئے ۔ رجسٹرار آفس کے جاری سرکلرکے مطابق آئی جی اسلام آباد نواز شریف کی پیشی کے موقع پر مناسب سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے ،کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری سکیورٹی پاس سے مشروط ہوگا، درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15 وکلائ،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5، 5 سرکاری وکلائ، ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 صحافیوں کو کمرا عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ہائیکورٹ کے ملازمین انٹری پاسز سے مستثنٰی ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں