اقلیتوں کو دو گنا حقوق دیئے جانے چاہئیں :جسٹس عاصم حفیظ

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کے کابینہ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران حکومت کو مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس عاصم حفیظ نے قرار دیاکہ اقلیتوں کو دو گنا حقوق دیئے جانے چاہئیں ۔ سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کے کابینہ کے فیصلے کیخلاف بشپ آزاد مارشل سمیت دیگر نے نگراں حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے درخواست دائر کر رکھی ہے ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے گزشتہ روز درخواست کی سماعت کی۔ درخواستگزاروں نے موقف اختیار کر رکھا ہے کہ پنجاب حکومت نے رپورٹ جاری کی ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر کمیشن نہیں بنا سکتے ،رپورٹ حقائق کے منافی ہے لہذا عدالت سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم جاری کرے ۔عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے عدالت پیش ہو کر کہاکہ ہم اس حوالے سے حکومتی و انتظامی عہدیداروں پر مشتمل میٹنگ بلائیں گے اور حکومتی رپورٹ پر عدالت کے عدم اطمینان اوراحکامات سے آگاہ کریں گے ۔