اگست میں اربوں کی اووربلنگ، نیپرارپورٹ پبلک کرنیکافیصلہ

اگست میں اربوں کی اووربلنگ، نیپرارپورٹ پبلک کرنیکافیصلہ

اسلام آباد(وقا ئع نگارخصوصی)بجلی صارفین سے اوور بلنگ کااپنی نوعیت کا سب سے بڑا سکینڈل سامنے آگیا، ماہ اگست میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے اربوں روپے کے زائد بل وصول کئے، نیپرا کی انکوائری کمیٹی نے صارفین پر ڈسکوز کے ظلم کا پردہ چاک کر دیا۔

نیپرا ذرائع کے مطابق نیپرا نے ماہ اگست میں اوور بلنگ کا نوٹس لے کرانکوائری کا فیصلہ کیا تھا، انکوائری کمیٹی نے رواں ہفتے اپنی رپورٹ مکمل کرلی ہے ۔ نیپرا کے حکام کے مطابق بجلی کی تقسیم  کارکمپنیاں صارفین سے ماہانہ 12سے 15ارب روپے اووربلنگ کی مدمیں وصول کررہی ہیں ، اتھارٹی نے تقسیم کارکمپنیوں سے ریکارڈ طلب کیا تھا ۔ نیپرا انکوائری رپورٹ میں اگست کے مہینے میں اوور بلنگ ثابت ہوگئی ، تمام تقسیم کارکمپنیوں نے عوام کو اووربلنگ کے ذریعے لو ٹا۔ لیسکو اور حسیکو ریجن میں سب سے زیادہ اوور بلنگ ہوئی، پروٹیکٹڈ صارفین سے نان پروٹیکٹڈ والے بل وصول کئے گئے ،اوور بلنگ کیلئے ریڈنگ میں تاخیر کا حربہ استعمال کیا گیا،بل ریڈنگ میں تاخیر کر کے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ میں شامل کیا گیا، مقرر ہ تاریخ کے بجائے جان بوجھ کر 3 سے 4 دن تاخیر سے ریڈنگ لی گئی،لیسکو اور حیسکو کے علاوہ دیگر ڈسکوز میں بھی اوور بلنگ ہوئی، ڈسکوز کی جانب سے میٹر تبدیلی کے نام پر بھی اضافی وصولیاں کی گئیں۔ نیپرا نے ڈسکوز کی اوور بلنگ سے متعلق رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اتھارٹی رپورٹ کو حتمی شکل دے کر پبلک کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں