اسٹاک ایکسچینج نے 60ہزارپوائنٹس کی نئی حد کو بھی چھو لیا،98ارب منافع

اسٹاک ایکسچینج نے 60ہزارپوائنٹس کی نئی حد کو بھی چھو لیا،98ارب منافع

کراچی (بزنس ڈیسک،دنیامانیٹرنگ)سٹاک ایکسچینج نے منگل کو بلندیوں کی ایک اور نئی حد کو چھو لیا ۔تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیکس نہ صرف60ہزار کی سطح عبور کر گیا بلکہ60700پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

اس دوران سرمایہ کاروں کو98ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب روپے سے  

تجاوز کر گیاجبکہ 45.15فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ سٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کاآغاز مثبت زون میں ہوا۔ایک موقع پر انڈیکس 60846پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا ۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت دوسری قسط وصول ہونے کی توقعات، شرح سود میں کمی اور بہتر سیاسی صورتحال جیسی مثبت خبروں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کے نتیجے میں تیزی دیکھی جارہی ہے ۔ماہرین کا کہنا تھا کہ بینکنگ سیکٹر میں زیادہ دلچسپی دیکھی گئی کیوں کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔ بینکس اچھے ڈیوڈنڈ کی پیشکش کر رہے ہیں اور ان کی ویلیوایشن بھی متاثرکن ہے ، روایتی طور پر یہ سیکٹر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پسندیدہ رہا ہے اور ممکن ہے کہ یہ دوبارہ بینکنگ سیکٹر کے حصص خریدیں۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 918پوائنٹس کے اضافے سے 60730پوائنٹس پر جا پہنچا،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس379پوائنٹس کے اضافے سے 20239پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 39947پوائنٹس سے بڑھ کر60730پر بند ہوا ۔ مجموعی سرمایہ 87کھرب46ارب روپے ہوگیا۔منگل کو26ارب روپے مالیت کے 77کروڑ96لاکھ71ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 392کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 177کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،200میں کمی اور15میں استحکام رہا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں