انتخابات :ن لیگ کا مشاورتی اجلاس،امیدواروں کے ناموں پر غور

انتخابات :ن لیگ کا مشاورتی اجلاس،امیدواروں کے ناموں پر غور

لاہور (نیوز ایجنسیاں ،دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز کر دیں،گزشتہ روزن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی زیر صدارت اہم اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

جس میں شہباز شریف،مریم نواز ،اسحاق ڈار ،رانا ثنا اللہ ،سردار ایاز صادق اور دیگررہنما شریک ہوئے ،اجلاس میں رہنماؤں نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارکباد پیش کی جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت آئندہ عام انتخابات بارے اور امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے کی حکمت عملی سے متعلق تجاویز بھی زیرغور آئیں۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے مختلف حلقوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہی دی ۔ مزید برآں بعد از دوپہر نواز شریف ہی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کے پارٹی قائدین کا بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر مشاورت کی گئی ۔قبل ازیں نواز شریف اور مریم نواز پارٹی سیکرٹریٹ پہنچے تو شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے انہیں بریت پر مبارکباددی ،نواز شریف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے جوابی مبارکباد دی ۔قائدین نے موجودہ صورتحال اور الیکشن کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے خیبرپختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نے ملاقات کی،اس دوران خیبرپختونخوا میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مسلم لیگ (ن)کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ،دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنا دیا گیا،دس سال میں بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر پختونخوا میں بدترین کرپشن اور لوٹ مار جاری رہی۔دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے البتہ قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایا گیا، گزشتہ دور حکومت میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے ،خیبرپختونخوا کے غیرت مند اور وفا شعار عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے صحت کارڈ کا آغاز یکم جنوری 2016ء کو خیبر پختونخوا سے کیا تھا، 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختونخوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے ،خیبرپختونخوا کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں