دنیا نیوز :اعلیٰ صحافتی اقدار کیساتھ15سال مکمل ، شہر شہرتقریبات

دنیا نیوز :اعلیٰ صحافتی اقدار کیساتھ15سال مکمل ، شہر شہرتقریبات

لاہور، اسلام آباد،مظفرآباد (دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر ،بیورورپورٹ)ملک کے معروف اور ہر دلعزیز دنیا نیوز نیٹ ورک نے کامیابی کے ساتھ 15 سال مکمل کر لئے ، اعلیٰ صحافتی اقدار، غیرجانبدارانہ رپورٹنگ اور جاندار تجزیے ہمیشہ سے دنیا نیوز کی پہچان رہے ، 15 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

 دنیا نیوز کے نمائندگان، صحافی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے جگہ جگہ کیک کاٹے گئے ۔صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے دنیا نیوز کو کامیابی سے 15 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ دنیا نیوز کے قیام کے 15سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی تھے جبکہ نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے ، وزراء نے سالگرہ کا کیک کاٹا ، مرتضیٰ سولنگی نے کہا دنیا نیوز نے 15 سال کا سفر نہایت کامیابی سے طے کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ خبروں اور پروگرامز کا معیار بہت بہتر ہو گیا ، انیق احمد نے کہا کہ15سال پہلے میاں عامر محمود نے جو بیج بویا تھا وہ اب ایک تناور درخت بن چکا ہے ، دنیا نیوز نے مذہبی پروگراموں کو نہایت سنجیدگی کے ساتھ کیا اور یہ بتایا کہ دین سنجیدہ چیز ہے کسی کھلواڑ کا نام نہیں ہے اور اس کا کریڈٹ میاں عامر محمود کو جاتا ہے ۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس میں دنیا نیوز کی پندرہویں سالگرہ کا کیک کاٹا، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سمیت وزرا اور اعلیٰ بیوروکریٹ بھی موجود تھے ، محسن نقوی نے دنیا نیوز کی مینجمنٹ کو مبارکباد دی،محسن نقوی نے کہا دنیا نیوزنے ایک ایسے وقت میں صحافت کی دنیا میں اپنا وجود منوایا جب مقابلے کا شدید رجحان تھا، ایک مکمل ادارہ بننے کا سفر انتہائی کٹھن مرحلہ ہوتاہے جسے دنیانیوز کی قابل ٹیم اور انتظامیہ نے نہایت مہارت، محنت اور صحافتی معیارات پر کاربند رہتے ہوئے عبور کیا ہے ، تیز رفتار صحافتی زندگی کے آج کے دور میں خبرکو صداقت کی میزان پر پرکھتے ہوئے آگے بڑھانا ایک کڑا امتحان بن چکا ہے ، دنیا نیوز نے اس امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی ہے ،دنیا میڈیا گروپ کی مزید ترقی کیلئے دعا گو ہوں۔سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے پھول نگر میں دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا، پریس کلب شیخوپورہ میں بھی دنیا نیوز کی سالگرہ منائی گئی، جس میں آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز نے کیک کاٹا، اس موقع پر صحافیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈال کر سماں باندھ دیا، اوکاڑہ، قصور، چونیاں، عارف والا، وزیرآباد،پیر محل، خانیوال،ساہیوال،چنیوٹ،مظفرآباد،خیبر ودیگر شہروں میں بھی تقریبات ہوئیں، انتظامیہ، وکلا سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں