ن لیگ پارلیمانی بورڈ کااجلاس، 105امیدوارں کے انٹرویو

ن لیگ پارلیمانی بورڈ کااجلاس، 105امیدوارں کے انٹرویو

لاہور(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور پارٹی کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کے 7گھنٹے طویل پہلے اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے 34حلقوں سے ٹکٹ کے خواہشمند 105امیدوارں کا انٹرویو کیا گیا۔

اجلاس میں مریم نواز اور چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار ، احسن اقبال، صوبائی صدر رانا ثنا اللہ اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طارق فضل چودھری سمیت سینئر قیادت بھی شریک ہوئی،سرگودھا ڈویژن کی قومی اسمبلی کی کل 11 نشستوں کے لئے 38اور صوبائی اسمبلی کی کل 23 نشستوں کے لئے 67 امیداروں کو شارٹ لسٹ کیا گیاتھا،اجلاس کے بعد پارٹی صدر شہباز شریف ماڈل ٹاؤ ن سیکرٹریٹ سے واپس روانہ ہو گئے ، نواز شریف کے 7دسمبر کو اسلام آباد کی عدالت میں کیس کی سماعت کے باعث پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے ، بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کا دوسرا اجلاس آج (اتوار )3 دسمبر کے بجائے کل بروز پیر 4 دسمبر کو منعقد کیاجائے گا ،جس میں راولپنڈی ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے ،5دسمبر کو خیبر پختونخوا کے ہنزہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے جبکہ 7دسمبر کو مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اسلام آباد میں کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے ۔ادھر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا بہترین امیدواروں کوٹکٹ جاری کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا اٹھارہویں ترمیم ادھور ی ہے ہم اسے مکمل کریں گے ، اس ترمیم کا مقصد اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرنا تھا، ہم ایک مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے ، مسلم لیگ (ن)نے دہشت گردی کوختم کیا، احسن اقبال نے کہا کہ دانیال عزیز کا احترام کرتا ہوں، دانیال عزیز کے بیانات کا افسوس ہوا، سمجھ نہیں آتی دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان کیوں بول رہے ہیں، ان سے یہ توقع نہیں تھی۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا پیپلزپارٹی پنجاب میں (ن)لیگ کے مخالف ووٹ کو حاصل کرنا چاہتی ہے ، پیپلزپارٹی مخالف بات کرکے ہی ووٹرز کواٹریکٹ کر سکتی ہے ، اوئے ، توئے کے کلچر نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت جمہوری روایات کو پیش نظر رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں