جولائی تانومبر:زرمبادلہ،ترسیلات زرکم،مہنگائی،بجٹ خسارہ بڑھ گیا

جولائی تانومبر:زرمبادلہ،ترسیلات زرکم،مہنگائی،بجٹ خسارہ بڑھ گیا

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ اینڈ آئوٹ لک رپورٹ برائے نومبر 2023 جاری کردی۔رپورٹ میں موجودہ مالی سال کے جولائی سے نومبر تک معاشی اعدادوشمار جاری کردیئے گئے ۔

 5 ماہ کے دوران 19 معاشی اشاریے منفی اور 13 اشاریوں میں مثبت پیشرفت سامنے آئی۔ رپورٹ کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری 27.8 فیصد اضافے کیساتھ 29 ارب 91 کروڑ ڈالر ہوگئی۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 7.1 فیصد اضافے کے ساتھ 52کروڑ47لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری17.8 فیصد اضافے کے ساتھ 53کروڑ88لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر13ارب37کروڑ31لاکھ ڈالر سے کم ہوکر12ارب41کروڑ60لاکھ ڈالر تک آ گئے ۔ نومبر 2022 سے لے کر نومبر 2023 کے دوران ملکی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 61.46 روپے بڑھا۔ جولائی سے اکتوبر تک مہنگائی کی شرح25.5فیصد سے بڑھ کر28.5فیصد تک پہنچ گئی۔ بجٹ خسارہ 17.6 فیصد اضافے کے ساتھ 819ارب روپے سے بڑھ کر963ارب روپے ہو گیا۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ 65.9 فیصد کمی کے ساتھ3ارب10کروڑ70لاکھ ڈالر سے کم ہوکر ایک ارب5لاکھ91ہزارڈالر تک آگیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر 10ارب14کروڑ ڈالر سے کم ہوکر8ارب79کروڑ ڈالر رہیں۔ برآمدات 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ9ارب77کروڑ ڈالر ہو گئیں۔ درآمدات 20.1 فیصد کمی کے ساتھ16ارب79کروڑ ڈالر تک آگئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں