مہنگائی ہوتی نہیں، کی جاتی ، سارا کچہ چٹھا تیار کرلیا:دانیال عزیز

 مہنگائی ہوتی نہیں، کی جاتی ، سارا کچہ چٹھا تیار کرلیا:دانیال عزیز

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے مہنگائی ہوتی نہیں کی جاتی ہے اور اس کا کوئی نہ کوئی بینیفشری ہوتا ہے ،سارا کچہ چٹھا تیار کرلیا، احسن اقبال مہنگائی کے ذمہ دار ہیں ن لیگ کو انہیں آئندہ وزیر نہیں بنانا چاہیے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا واضح بتا چکا ہوں میں نے کسی کے لئے پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی، اویس قاسم تو دور کسی سطح پر بھی پارٹی ٹکٹ کی سفارش نہیں کی۔دانیال عزیز نے کہا گوجرانوالہ میں ٹکٹوں کا فیصلہ 13 تاریخ کو ہوگا تو پھر کیا مہنگائی کم ہوجائے گی، نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے  چیئرمین احسن اقبال تھے ان کے اقدامات کی وجہ سے ہی مہنگائی ہوئی وہی بطور چیئرمین ڈائریکشن دیتے تھے ۔انہوں نے کہا نیشنل پرائس کنٹرول کے چیئرمین احسن اقبال تھے شہباز شریف کیسے ذمہ دار ہیں، آئندہ بتاؤں گا مہنگائی کیسے ہوئی اور اس کا ذمہ دار کون ہے ، ایکسچینج کنٹرول میں نہیں آرہا تھا تو احسن اقبال نے کیا ڈائریکشن دی تھی۔دانیال عزیز نے کہا احسن اقبال ڈائریکشن نہیں دے رہے تھے تو کیا کمیٹی میں لُڈو کھیل رہے تھے ، ان کو سوچ سمجھ کر چیئرمین نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی بنایا گیا، وہ عہدے پر براجمان ہوئے تو مہنگائی ہوئی، مہنگائی بھی کیسے ہوئی اس کا مجھے معلوم ہے ، اگر ان کی یہی کارکردگی ہے تو آئندہ ان کو وزیر ہی نہیں بنانا چاہیے ، احسن اقبال بریفنگز لیتے تھے اور اقدامات کچھ کرتے ہی نہیں تھے ، کمیٹی میں ان کی بس آنیاں جانیاں ہی تھیں۔دانیال عزیز نے کہا عوام بے وقوف نہیں وہ پوچھتے ہیں مہنگائی کیسے ہوئی، مہنگائی کس وجہ سے ہوئی آگے جاکر بتاؤں گا۔انہوں نے کہا احسن اقبال کا ماننا ہے پی ٹی آئی نے مہنگائی کی ہے تو دستاویزات کہاں ہیں، احسن اقبال ہمیں بتائیں ثبوت پیش کریں، مہنگائی ہوتی نہیں کی جاتی ہے اور اس کا کوئی نہ کوئی بینیفشری ہوتا ہے ۔ دانیال عزیز نے کہا لاہور میں موجود ہوں ابھی تک شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا جو نواز شریف کے وفادار ہیں ان سب کو شوکاز دئیے گئے ہیں، جاوید لطیف، چودھری تنویر اور مجھے شوکاز کی باتیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا مریم اورنگزیب کو ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نہیں ہونا چاہئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں