سٹاک ایکسچینج:بلندی کا تسلسل جاری،انڈیکس62ہزارکی سطح عبور

 سٹاک ایکسچینج:بلندی کا تسلسل جاری،انڈیکس62ہزارکی سطح عبور

کراچی(بزنس رپورٹر)دسمبر کے پہلے کاروباری ہفتے کے آغاز پرسٹاک مارکیٹ نے ایک اور تاریخ رقم کردی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 801 پوائنٹس کے اضافے سے 62 ہزار کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 62493پوائنٹس پر جاپہنچا۔

اس دوران سرمایہ کاروں کو 120ارب روپے کا منافع ہوا جس کی وجہ سے سرمایہ کا مجموعی حجم 90کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور63.84فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس62913پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو چھو گیا تھا مگر تکنیکی کریکشن نے انڈیکس کو مذکورہ سطح سے نیچے گر ا دیا مگر مارکیٹ ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر ہی بند ہوئی ۔ماہرین کے مطابق غیرملکی کارپوریشنز نے نومبر میں 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے حصص کا لین دین کیا اور ان کی جانب سے 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے حصص کو فروخت جبکہ خالص خریداری 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی گئی، اس طرح 2017 کے بعد سے سب سے زیادہ غیر ملکی رقم آئی۔یاد رہے کہ 3 نومبر کو صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزارکی حد عبور کر گیا تھا۔کاروبار کے اختتا م پرکے ایس ای30انڈیکس 274پوائنٹس کے اضافے سے 20828پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 41045پوائنٹس سے بڑھ کر41602پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی سرمایہ بڑھ کر90کھرب5اب روپے ہوگیا۔پیر کو 31ارب روپے مالیت کے 73کروڑ42لاکھ94ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ جمعہ کو21ارب روپے مالیت کے 53کروڑ13لاکھ34ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر 390کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 249کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،122میں کمی اور19میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں