مہنگی گیس ہونے کیخلاف احتجاج، سندھ اور بلوچستان میں صنعتوں کو تالے

مہنگی گیس ہونے کیخلاف احتجاج، سندھ اور بلوچستان میں صنعتوں کو تالے

کراچی(بزنس ڈیسک)صنعتکاروں نے گیس کی قیمت بڑھنے اور عدم فراہمی کے خلاف پیر کو شہر بھر میں ہڑتال کی اور صنعتوں کو تالے ڈال د یئے۔

آل انڈسٹریل الائنس چیف کوآ رڈی نیٹر جاوید بلوانی ، نکاٹی کے صدر فیصل معیز،سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر کامران عربی اور دیگر رہنماؤں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ گیس ٹیرف کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ایک ہفتے کی مکمل ہڑتال کی جائے گی اور صنعتیں بند کرنے کے ساتھ ایکسپورٹ بھی روک دی جائے گی۔ پیر کو آل انڈسٹریل الائنس کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال پرکراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کی صنعتیں بند کردی گئیں ۔ جاوید بلوانی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور بات کرے ،آئی ایم ایف نے کہا کہ حکومت گیس پر سبسڈی ختم کرے تو پھر فرٹیلائزر اور آئی پی پیز کو دی جانے والی کراس سبسڈی ختم کی جائے ۔ ہم نے ٹوکن کے طور پر کراچی کی تمام صنعتیں ہڑتال پر بند کی ہیں اور تمام 11 ایسوسی ایشنز میں آج ایکسپورٹ اور پیداوار بند رکھی گئی لیکن اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے توپھرہم مشاورت کے بعد ایک ہفتے کی مسلسل ہڑتال کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اتنی مہنگی گیس سے انڈسٹری کسی صورت نہیں چل سکے گی، اگر گیس کی قیمت پر نظر ثانی نہ ہوئی تو صنعتیں اس پیداواری لاگت پر نہیں چلا سکیں گے اور ایکسپورٹ ختم ہوکر رہ جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں