زائد بل :پاور ڈویژن کی 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

زائد بل :پاور ڈویژن کی 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بجلی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو جان بوجھ کر زائد بل بھجوانے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔پاور ڈویژن کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سابق سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی کمیٹی کی سربراہی کریں گے ، پاور ڈویژن کی جانب سے کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کردئیے گئے ۔کمیٹی ڈسکوز اور پی آئی ٹی سی کے ڈیٹا کی بنیاد پر نیپرا رپورٹ کا جائزہ لے گی، نیپرا تحقیقات کے لیے سیمپلنگ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیاجائے گا، بجلی صارفین کو ایک ماہ سے زائدکی بلنگ کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا، بجلی کمپنیوں کے افسر اور نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی، کمیٹی15 روز کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی مزید کارروائی کے لیے ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی، کمیٹی اراکین میں ایم ڈی نیسپاک زرگام اسحاق خان، عابدلودھی کنسلٹنٹ یو ایس ایڈ، سابق ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض چوہدری شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں