ن لیگ کے نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات ، عدالت جانیکا اعلان

 ن لیگ کے نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات ، عدالت جانیکا اعلان

لاہور (اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن نے حلقہ بندیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کر دیا،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہم نے بھی نواز شریف کے بغیر 3 الیکشن لڑے ، پی ٹی آئی کو بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے ، 9مئی کے بعد کی صورتحال ہم نے تو نہیں بنائی۔

ہم نے تو مشورہ نہیں دیا تھا بحران کیلئے اپنی حکومتیں توڑدیں ہم نے مارشل لا کاسامنا کیا ، بہت مظالم کا سامنا کیا لیکن ہم نے مارشل لا اور فوج میں تمیز کی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے سیاسی برادری سے تعلق نہیں بنایا ، وہ انوکھا لاڈلا تھا کہتا تھا میں نے کسی سے بات نہیں کرنی ، کہتا تھا میں ہی حکمرانی کروں گا باقی چور ہیں ، کیا اب چوروں سے توقع ہے کہ وہ آپ کے ساتھ کھڑے ہوں؟ انہوں نے کہا ہمیں نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں، حلقہ بندیوں میں میرا حلقہ بھی متاثر ہوا، اسے چار حصوں میں تقسیم کر دیا گیا، نئی حلقہ بندیوں میں شہباز شریف کا حلقہ بھی متاثر ہوا، ہم نئی حلقہ بندیوں سے مطمئن نہیں، نئی حلقہ بندیوں کیخلاف عدالت جا رہے ہیں، ننکانہ کے امیدواران کے انٹرویو مکمل ہوئے ، بہت اچھے انداز میں گفتگو اور بات چیت ہوئی ، سیکنڈ راؤنڈ میں امیدواران سنٹرل پارلیمانی بورڈ میں جائیں گے ، لیول پلیئنگ فیلڈ کا طعنہ عجیب سا ہے ، 2018میں میرے حلقے سے بانی پی ٹی آئی کو جتوانے کیلئے 3حصے کئے گئے ، اب اس حلقے کے چار حصے کر دئیے گئے ہیں، ایک کنٹونمٹ بورڈ میں قومی اسمبلی کے 4حلقے ڈال دئیے گئے ہیں اس پر الیکشن کمیشن گیا اور ہم نے اس چیز کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کا حلقہ بھی متاثر کیا گیا ہے ، الیکشن کا دور ہے ایسا ہوتا رہتا ہے مگر بہت سی جگہوں پر ہمارا اتفاق نہیں ہے ، الیکشن شیڈول آنے پر الیکشن سرگرمیاں تیز ہوں گی، ابھی حلقہ بندیوں کے مسائل چل رہے ہیں ، الیکشن پیپر فائل ہوں گے تو الیکشن کی گہما گہمی شروع ہوگی ۔ الیکشن میں 8فروری سے تاخیر نہیں ہونی چاہیے ، الیکشن وقت پر نہیں ہوں گے تو سینیٹ الیکشن کیسے پورا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں