بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست کی آج سماعت

بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست کی آج سماعت

اسلام آباد ، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی پانچ سال کے لئے نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کے لئے مقرر ہوگئی۔

جسٹس شجاعت علی خان آج جمعہ کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کریں گے ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر اورعلی ظفر کی وساطت سے درخواست دائر کی،درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیاکہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو بانی پی ٹی آئی کو پانچ سال کے لئے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لئے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا۔ استدعاہے درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے ۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی،جسٹس شجاعت علی خان آج سماعت کریں گے ،ادھر پارٹی کے سابق رکن سدھیر چودھری کی درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ انٹراپارٹی الیکشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئے ، پی ٹی آئی کا انٹراپارٹی الیکشن کالعدم قرار دیاجائے ۔دوسری طرف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے جلد سماعت کی متفرق درخواست منظوری کے بعد اڈیالہ جیل میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواست میں وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے القادر ٹرسٹ کا چیریٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن سے متعلق درخواست میں فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں