معیشت کا حجم ہزار ارب تک بڑھانے کیلئے 5سالہ پلان تیار

معیشت کا حجم ہزار ارب تک بڑھانے کیلئے 5سالہ پلان تیار

اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی)ملک کی معیشت کا حجم ایک ہزار ارب ڈالر اور سالانہ برآمدات 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا 5 سالہ منصوبہ تیار کرلیا گیا، انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کی اسلام آباد میں پہلی بڑی بیٹھک ہوئی، نامور صنعت کاروں نے برآمدات میں اضافے کیلئے اپنی تجاویز پیش کردیں۔

 نگران وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کہتے ہیں پلان ایس آئی ایف سی میں پیش کیا جائے گا، پاکستان اسلامی دنیا کی ایک بڑی معیشت بن کر ابھرے گا۔ انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے افتتاحی اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا اگلے 5 سال میں ملکی جی ڈی پی کو 350 ارب ڈالر سے بڑھاکر ایک ہزار ارب ڈالر تک لے جانا اور برآمدات کا سالانہ حجم 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا ایڈوائزری کونسل کے ارکان نے برآمدات میں اضافے کیلئے اہم تجاویز دی ہیں، صنعت کاروں کو آن بورڈ لیا گیا ہے ، آج ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل سیکٹر کا اجلاس بھی بلایا ہے ، تمام سیکٹرز کی سفارشات کو ایس آئی ایف سی میں پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر گوہراعجاز نے کہا ایڈوائزری کونسل میں ہر انڈسٹری سے ایک ایک بڑا صنعت کار لیا گیا ہے ، پرائیویٹ سیکٹر ملکی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، حکومت کاروبار نہیں کرنا چاہتی بلکہ سہولیات دینا چاہتی ہے ، ہماری فوج ایک طاقتور فوج ہے ، ہم واحد اسلامی ایٹمی ملک ہیں، ایس آئی ایف سی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، چاہتا ہوں کہ حکومت برآمدات میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوراً ایکشن لے ۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا 3 ماہ پہلے ہم سوچ رہے تھے کہ ڈالر 500 پر چلا جائے گا، پریشانی تھی کہ ملک کا کیا ہوگا مگر 3 ماہ بعد صورتحال بدل گئی، 3 مہینے کی گڈ گورننس سے پاکستان کا سرمایہ کار ملک میں واپس آگیا، کیپٹل مارکیٹ پچھلے 3 مہینے میں 50 فیصد بڑھی ہے ،پچھلے 3 مہینے میں مارکیٹ کیپ 10 بلین ڈالر بڑھی ہے ۔ اجلاس میں شریک صنعت کاروں نے تجاویز دیں کہ برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتکاروں کو سہولیات دی جائیں، پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے ، سمگلنگ کی روک تھام کی جائے اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ یاد رہے کہ انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کے ممبران میں فواد احمد مختار، محمد علی ٹبہ، وقار احمد ملک، عبدالصمد داد، رضا منشا، شہزاد اصغر علی، سمیر چنائے ، عامر فیاض شیخ، شہباز یاسین ملک، احسن بشیر، سید حیدر علی اور فاروق نسیم شامل ہیں۔ کونسل کے سرکاری اراکین میں صنعت، تجارت اور خزانہ کے سیکرٹریز بھی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں