دوست مزاری سمیت 14 شخصیات ن لیگ میں شامل

 دوست مزاری سمیت 14 شخصیات ن لیگ میں شامل

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی ،سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری سمیت مختلف حلقوں سے 14 سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ روز  ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں رانا ثناء اللہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے این اے 110 سے مولانا محمد آصف لدھیانوی ، بابر خان سیال ،پی پی 125 سے مس نیلم سیال ،پی پی 126 سے مہر اسلم بھروانہ ،پی پی 127 سے شیخ محمد یونس،شیخ یعقوب ،سابق ایم پی اے مسز شیخ یعقوب ، پی پی 128 سے خالد محمود ،پی پی 129 سے خالد گیلانی ،پی پی 130 سے امیر عباس سیال ،پی پی 131 سے فیصل حیات جبوانہ ،پی پی 267 سے رئیس محمد ابراہیم سابق ایم پی اے ،این اے 189 سے ریاض خان مزاری اوردوست محمد خان مزاری نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ،آپ کی شمولیت سے پاکستان کی ترقی کا سفر تیز ہوگا،عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں ، پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد سب مل کر کریں گے ۔  دریں اثنا شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں رانا تنویر، شذرہ منصب کھرل، سید باسط بخاری اور سیدہ نوشین افتخار ،عمران قریشی اور حامد حمید نے الگ الگ ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں