غزہ کے انسانی المیہ پر سلامتی کونسل کی بے بسی تشویشناک:پاکستان

غزہ کے انسانی المیہ پر سلامتی کونسل کی بے بسی تشویشناک:پاکستان

اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی نہ کرانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر ایک بار پھر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ انسانی المیہ جنم لے چکا ہے اور اس صورتحال میں بھی سلامتی کونسل کی بے بسی اور بے عملی تشویشناک ہے ،غزہ کے محصور عوام جس اجتماعی سزا کو برداشت کررہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے اوراس کی مثال نہیں ملتی ۔ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مہم کے تسلسل سے انسانی مصائب میں اضافہ ہوگا ۔اسرائیلی اقدامات سے وسیع تر اور زیادہ خطرناک تنازع جنم لے سکتاہے ۔ غزہ کے عوام پر بلا تعطل بمباری کو طول دینے میں تعاون فراہم کرنے والوں پربھی بھاری ذ مہ داری عائد ہوتی ہے ۔ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جا ئے ،اسرائیل کی طرف سے غزہ کے خلاف وحشیانہ حملے اور غیر انسانی محاصرہ ختم کیا جا ئے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کارروائی ، غیر انسانی جنگ کو ختم کرنے اور غزہ کے عوام کو نسل کشی سے بچانے کیلئے کردار اداکرنے کامطالبہ کرتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں