نوشہرہ : ورکرز کنونشن کرنے پر پی ٹی آئی کے 31کارکن گرفتار
نوشہرہ، باجوڑ( نیوز ایجنسیاں ) تحریک انصاف کے و رکرز کنو نشن کے بعد نوشہرہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے 31 کارکنوں اور رہنمائوں کو گرفتار کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کے مدمقابل تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے امیدوار ہارون خان لغاری کو آضاخیل پولیس نے چھاپے کے بعد گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
تحریک انصاف نے الزام لگایا ہے کہ اب تک تین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ۔نوشہرہ پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے 144 کی خلاف ورزی اور بلااجازت عوامی جلسہ کرنے پر نوشہرہ کے کئی تھانوں میں مقدمات درج کئے ہیں۔تھانہ نوشہرہ کلاں کی ایف آئی آر میں شیرافضل مروت سمیت 135سے زائد رہنمائوں اور کارکنوں کو ملزم نامزد کیا گیا ۔نوشہرہ پولیس نے گرفتاریوں کی تصدیق کردی۔نوشہرہ کلاں پولیس کے مطابق تمام گرفتار کارکنوں و رہنمائوں کو آج (پیر کو )عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ باجوڑ میں تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان پر کنونشن کے بعد ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ایف آئی آر میں 25 قائدین کو نامزد کیا گیا ہے ، ان میں شیرافضل مروت کا نام بھی شامل ہے جبکہ سابق صوبائی وزیر انور زیب خان پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل مردان اور صوابی میں کنونشنز منعقد کرنے پر شیر افضل مروت اور 5سابق ایم پی ایز سمیت 100سے زائد کارکنوں کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔