خضدار میں بم دھماکا:ایس ایچ اوسی ٹی ڈی شہید:2راہگیر زخمی
خضدار ،کوئٹہ (نامہ نگار ، نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے بم دھماکے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی شہید ہوگئے ۔پولیس کے مطابق سلطان ابراہیم روڈ پر دھماکا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی پر کیا گیا۔
ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد شہید ہونے والے ایس ایچ او محمد مراد کی گاڑی کے نیچے یا گاڑی کے اندر نصب تھا۔ایس ایس پی خضدار میر حسین لہری نے بتایا کہ میگنیٹک بم کو چلتی گاڑی میں نصب کیا گیا ۔دھماکے میں ابوبکر نامی ایک راہ گیر سمیت 2افراد زخمی بھی ہوئے ۔ جائے وقوع پر پولیس، ایف سی کی ٹیمیں پہنچ کر مزید تفتیش کر رہی ہے ، شہید ہونے والے ایس ایچ او کی لاش اور زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال خضدار منتقل کردیا گیا ہے ۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا،انوارالحق کاکڑ نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے خضدار دھماکے میں پولیس افسر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔انہوں نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے خضدار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خضدار میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور پولیس افسر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔