شجاعت سے ایک دوسیٹ پرایڈجسٹمنٹ ہوسکتی:جاویدلطیف
شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر وسابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی، صرف چودھری شجاعت سے ایک دو سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے ، بلاول زرداری سیاسی نابالغ ہیں۔
اس کی بات کا جواب مسلم لیگ ن نہیں دے گی، نہ ہی اس کی کوئی اہمیت ہے ، بلاول کے والد ہی بلاول کی باتوں کی نفی کر دیتے ہیں، ن لیگ اب بھی بینظیر بھٹو کے ساتھ ہونیوالے میثاق جمہوریت پر قائم ہے ، ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہئے ، جس طرح نواز شریف کو فیئر ٹرائل دیئے بغیر سزا دی گئی اور تاریخ میں پہلی مرتبہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نا اہل کر دیا گیا، اگر اس وقت تمام سیاسی جماعتیں لیول فیلڈ کا مطالبہ کرتیں تو نوا ز شریف کو جھوٹے مقدمات میں سزا نہیں ہو سکتی تھی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میاں رفاقت علی،میاں منور اقبال، اشتیاق احمد ڈوگر،سابق رئیس بلدیہ میاں امجد لطیف،میاں وسیم،ملک عرفان اسلام سمیت دیگر بھی موجود تھے ، میاں جاوید لطیف نے کہاکہ عوام نواز شریف کو آخری امیدسمجھ کر ووٹ دینے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ 8فروری کو ہر حال میں الیکشن ہونے چاہئیں، جو وقت کی ضرورت ہے ۔