سیٹ ایڈجسٹمنٹ :آئی پی پی کے امیدواروں کی فہرست تیار

 سیٹ ایڈجسٹمنٹ :آئی پی پی کے امیدواروں کی فہرست تیار

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز)استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان میں اہم ملاقات ہوئی جبکہ پارٹی رہنماؤں سید افتخار گیلانی، محمد شاہ کھگہ نے بھی پارٹی سربراہ سے ملاقات کی، ملاقاتوں کے دوران سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور عام انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے آئی پی پی نے اپنے امیدواروں کی فہرست مرتب کرلی، ادھر استحکام پاکستان پارٹی  کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کل 12 دسمبر کولاہور میں طلب کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق آئی پی پی سربراہ جہانگیر ترین اور صدر عبدالعلیم خان کی ملاقات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور عام انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر سینئر رہنما اسحاق خاکوانی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چودھری اور نعمان لنگڑیال بھی موجود تھے ۔ پارٹی رہنماؤں سید افتخار گیلانی، محمد شاہ کھگہ سے ملاقات میں جہانگیرترین نے گفتگو کرتے کہا کہ پارٹی رہنما بھرپور اندازسے انتخابی تیاری کریں ۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی اسحاق خاکوانی، عون چودھری اور نعمان لنگڑیال پر مشتمل کمیٹی نے قومی اسمبلی کی 20 نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی فہرست مرتب کرلی ،قومی اسمبلی کے 19 حلقے پنجاب اور ایک کا تعلق کراچی سے ہے ، آئی پی پی پنجاب اسمبلی کے 44 حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش مند ہے ، فہرست آئی پی پی قیادت مسلم لیگ ن کی کمیٹی کے حوالے کریگی ۔ علاوہ ازیں آئی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے کل سہ پہر 4 بجے پارٹی سیکرٹریٹ میں طلب کردہ مشاورتی اجلاس میں اہم سیاسی فیصلے کئے جائیں گے ،سیٹ ایڈجسٹمنٹ ، عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں