گورنر سے مراکش میں تعینات سفیر کی ملاقات ،تعاون پر تبادلہ خیال
لاہور( سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے مراکش میں تعینات پاکستان کے سفیر سمیع ملک نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مراکش میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے سفیر سمیع ملک کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے مابین خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مراکش میں تعینات پاکستانی سفیر سمیع ملک ان تعلقات کو مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم، تجارت اور سیاحت میں نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان اور مراکش کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے ۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے ۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں سہولیات دینے کے لیے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔ مراکش کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔